اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق مجید تخت روانچی نے تہران میں نانو ٹیکنالوجی کی نویں بین الاقوامی نمائش کے انعقاد کے موقع پر کہا کہ ایران مخالف پابندیوں کے خاتمے کے بعد پرامن ایٹمی سرگرمیوں کے سلسلے میں بعض ممالک کےساتھ باہمی تعاون کا آغاز کر دیا ہے اور اراک کے بھاری پانی کے سلسلے میں چین کے ساتھ باہمی تعاون بھی اسی کا ایک حصہ ہے۔
اسلامی جمہوریہ ایران کے نائب وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ پابندیوں کے خاتمے کے بعد دوسرے ممالک کے ساتھ سائنس و ٹیکنالوجی اور تحقیقات جیسے شعبوں میں اور یونیورسٹیوں کی سطح پر باہمی تعاون کا راستہ ہموار ہوا ہے۔ مجید تخت روانچی نے مزید کہا کہ وزارت خارجہ دوسرے ممالک کے ساتھ ہر طرح کے علمی و سائنسی تعاون کی حمایت کرتی ہے اور پابندیوں کے خاتمے کے بعد کے زمانے میں تمام اقتصادی میدانوں میں ٹیکنالوجی کی منتقلی ہمارا اہم ہدف ہے۔
واضح رہے کہ بدھ کے دن تہران میں نانو ٹیکنالوجی کی نویں بین الاقوامی نمائش شروع ہوئی ۔ یہ نمائش ہفتے کے دن تک جاری رہے گی اور اس میں نانو ٹیکنالوجی میں سرگرم ایک سوساٹھ انجمنیں شریک ہیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔
/169